کم عمر اسکول طالبات شراب کی رسیا! وائن شاپ سے وسکی خریدنے کی ویڈیو وائرل

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع منڈلا کے علاقے نینپور سے ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں کم عمر طالبات اسکول یونیفارم میں شراب کی دکان پر پہنچیں اور با آسانی شراب خریدنے میں کامیاب رہیں۔یہ واقعہ کسی مقامی خاتون نے کیمرے میں قید کرکے سوشل میڈیا پر ڈال دیا جس کے بعد ویڈیو وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ سرگرم ہوئی اور ایس ڈی ایم آشو توش ٹھاکر شراب کی دکان کا معائنہ کیا، اس دوران سی سی ٹی وی فوٹیج بھی چیک کی گئیں جس سے معلوم ہوا کہ دکان دار نے واقعی اسکول کی کم عمر لڑکیوں کو شراب فروخت کی تھی۔

ایس ڈی ایم نے واضح کیا کہ نابالغوں کو شراب یا کسی نشہ آور شے کی فروخت کرنا قانونی طور پر سخت ممنوع ہے۔ انہوں نے آبکاری محکمہ کو ہدایت دی کہ واقعے کی مکمل جانچ کریں اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

آبکاری محکمہ کی انسپکٹر سیلی اوئیکے اور ان کی ٹیم دکان پر پہنچ کر تفصیلی تفتیش کر رہی ہے۔ ضلع آبکاری افسر رام جی پانڈے نے بتایا کہ یہ بھی جانچا جا رہا ہے کہ شراب خریدنے والی لڑکیاں 18 سال سے کم عمر ہیں یا نہیں۔

ابتدائی کارروائی کے طور پر دکان کے مالک پر 2 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور دکان کے باہر ایک تنبیہی بورڈ لگایا گیا ہے جس پر لکھا گیا ہے کہ نابالغوں کو شراب فروخت کرنا غیر قانونی ہے خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

Related Posts