شمالی وزیرستان کی کم عمر کرکٹ اسٹار آئینہ وزیر نے بولنگ سے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی، پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے اپنی ٹیم میں شامل کر لیا۔
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیواہ کی رہائشی آئینہ وزیر بچوں کے میچ میں فاسٹ بولنگ کا شاندار مظاہرہ کر رہی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین ان کی مہارت کو داد دے رہے ہیں اور “ماشاءاللہ” کے پیغامات کے ساتھ آئینہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔
ویڈیو وائرل ہوتے ہی پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی بچی کی بولنگ کی مہارت سے خوب متاثر ہوئے۔
جاوید آفریدی نے ویڈیو کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ ماشاءاللہ! آئینہ وزیر ایک غیرمعمولی باصلاحیت نوجوان کھلاڑی ہیں، ایسا ٹیلنٹ یقیناً درست پلیٹ فارم کا حقدار ہوتا ہے۔
جاوید آفریدی نے کہا کہ مجھے یہ خوشخبری شیئر کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ آئینہ وزیر ہماری آنے والی Zalmi Women League کا حصہ ہوگی۔ یہ وہ پلیٹ فارم ہے جو ہم نے اپنی بچیوں کے لیے بنایا ہے تاکہ وہ کھیل سکیں، دوسروں کو متاثر کریں اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔
ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ آئینہ کو تمام ضروری کرکٹ سامان اور مناسب سہولیات فراہم کی جائیں، تاکہ انہیں وہ مواقع میسر آئیں جن کی وہ حقیقی طور پر حقدار ہیں، وہ آگے بڑھیں۔
جاوید آفریدی نے سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کہ کہ براہِ کرم آئینہ وزیر کی تفصیلات شیئر کریں تاکہ ہماری ٹیم ان سے براہِ راست رابطہ کر سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








