پاکستان کی مشہور و معروف ڈیزائنر زارا شاہ جہاں نے دیگر ڈیزائنرز پر اپنے ڈیزائنز کو کاپی کرنے کا الزام لگادیا۔
خیال رہے کہ زارا شاہ جہاں کے ڈیزائن کردہ دلہن کے لباس اور لان پرنٹ خواتین میں بہت زیادہ مقبول ہیں۔
حال ہی میں معروف ڈیزائنر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر دیگر ڈیزائنرز پر اپنے ڈیزائنز کو کاپی کرنے کا الزام لگایا ہے، انہوں نے کہا کہ خدا کا واسطہ میرے ڈیزائن کو کاپی کرنا بند کردو۔
زارا شاہ جہاں نے دیگر ڈیزائنرز کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ لوگ میرے ڈیزائن کو کاپی کرنے کے بجائے خود سے کچھ تخلیق کریں تو یقین مانیں آپ کے آئیڈیاز سب کو بہت زیادہ پسند آئینگے۔
معروف ڈیزائنر کی اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین اُن تمام ڈیزائنرز اور برانڈز کو ٹیگ کررہے ہیں جن کے بارے میں انھیں لگتا ہے کہ انہوں نے اِن کے ڈیزائن کاپی کیے ہیں۔ بعدازاں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ڈیزائنر کی بات بالکل ٹھیک ہے ۔
خیال رہے کہ فیشن انڈسٹری میں ڈیزائن کو کاپی کرنا کچھ نیا نہیں ہے اس سے قبل بھی پاکستان کے مشہور ڈیزائنر علی ذیشان پر عائشہ شیخ نامی آرٹسٹ نے 2018 میں اپنے تھیسس پروجیکٹ کی کاپی کرنے کا الزام لگایا تھا۔