کراچی :چیمبر آف کامرس کے بزنس مین گروپ کے چیئرمین زبیر موتی والا نے کہا ہے کہ عید الفطر کی تعطیلات کے سلسلے میں 10 دن صنعت بند ہو گی تو انڈسٹری کو بہت نقصان ہو گا۔
عید الفطر کی تعطیلات کے حوالے سے کراچی چیمبر آف کامرس کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زبیر موتی والا نے کہا کہ عید کی چھٹیاں 3سے 4دن ہونی چاہئیں، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کرے۔
زبیر موتی والا نے کہا کہ صبح 6 بجے دکانیں کھولنا کراچی کے تاجروں کا مزاج نہیں، اس کیلئے دن 12 سے رات 12 تک وقت دیں۔انہوں نے کہا کہ کاروباری اوقات کو اسمارٹ طریقے سے مینج کرنے کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل پاکستان فارما سیوٹیکل مینوفیکچرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر 6 روز کی تعطیلات کے اعلان کو مسترد کردیا تھا۔
پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن( پی پی ایم اے ) کے سابق چیئرمین ڈاکٹر قیصر وحید کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فارما صنعت کو ان طویل تعطیلات سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ان تعطیلات کی وجہ سے کورونا بحران کے دوران ملک میں ادویات کی قلت کا خطرہ پیدا ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اسے بھی تعطیلات سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔