اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع اٹلی کے سفارت خانے میں چوری کی انوکھی واردات ہوئی جہاں 1 ہزار شنجن ویزہ اسٹیکرز چوری کر لیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزارتِ خارجہ نے ایف آئی اے اور وزارتِ داخلہ کو چوری پر تحقیقات کیلئے خط لکھ دیا اور چوری ہونے والے اٹلی کے ویزہ اسٹیکرز کے نمبرز سے بھی آگاہ کیا ہے۔
مذکورہ خط میں کہا گیا ہے کہ اطالوی سفارت خانے کے لاکر سے 1000 ویزہ اسٹیکرز چوری ہوئے ہیں اور سفارت خانہ معاملے کی خود بھی تحقیقات کر رہا ہے۔ وزارتِ داخلہ متعلقہ ویزہ نمبر والے اسٹیکرز کو داخلی و خارجی پوائنٹس پر چیک کرے۔
شنجن ویزہ سے مراد؟
بنیادی طور پر شنجن ویزہ ایک مختصر مدتی ویزہ ہوتا ہے جو کسی بھی شخص کو 90 روز کیلئے سیاحت یا کاروباری مقاصد کے تحت یورپی یونین کے 26 ممالک میں سفر اور قیام کی اجازت دیتا ہے۔
یہ ویزہ رکھنے والے افراد نہ صرف ان ممالک میں قیام کرسکتے ہیں بلکہ انہیں ایک ملک سے دوسرے ملک بغیر کسی اضافی ویزہ کے آمدورفت کی بھی اجازت ہوتی ہے۔ سن 2019ء میں شنجن ویزہ کے تحت 1 کروڑ 50 لاکھ افراد نے یورپی ممالک کی سیر کی۔
یورپی یونین کے تحت 26 ممالک کی فہرست میں آسٹریا، بیلجیم، سزیچ ریپبلک، ڈنمارک، ایسٹونیا، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، یونان، ہنگری، آئس لینڈ، اٹلی، لٹویا، لچٹین اسٹین، لیتھونیا اور لیگزمبرگ شامل ہیں۔
فہرست میں دیگر ممالک کے نام بھی شامل ہیں جہاں ایک ہی ویزہ کے تحت سفر اور قیام کیا جاسکتا ہے۔ مذکورہ ممالک میں مالٹا، نیدرلینڈز، ناروے، پولینڈ، پرتگال، سلوویکیا، سلووینیا، اسپین، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں۔
قبل ازیں کراچی میں عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی مویشیوں کی چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا، بھینس کالونی کا علاقہ ملزمان کے لئے جنت بن گیا، ملزمان صبح کے اوقات میں وارداتیں کرنے لگے۔
پولیس کی جانب سے تمام صورتحال پر چشم پوشی کی گئی۔ ایم ایم نیوز نے چوری کی فوٹیج حاصل کرلی، دو ملزمان واردات میں ملوث دیکھے گئے،باڑے کے مالک نے چوری کیے گئے سامان کی بازیابی کیلئے پولیس کو درخواست جمع کرادی۔
مزید پڑھیں: عیدالالضحیٰ قریب آتے ہی مویشیوں کی چوری کی وارداتوں میں اضافہ، ویڈیو وائرل
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








