راولپنڈی: بجلی کے تقسیم کار ادارے آئیسکو نے بحریہ ٹاؤن میں آج سے 6 گھنٹے روزانہ کی بنیاد پر لوڈ شیڈنگ شروع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بحریہ ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی نے آئیسکو کی طرف سے واجب الادا 60 کروڑ 80 لاکھ روپے کے واجبات تاحال ادا نہیں کیے جس کے باعث آئیسکو نے لوڈ شیڈنگ شروع کردی۔
دوسری جانب راولپنڈی میں پہلے ہی شدید گرمی اور حبس کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے اور طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کا جینا اجیرن کر رکھا ہے۔
بحریہ ٹاؤن میں بجلی کی فراہمی میں تعطل کے حوالے سے آئیسکو کے بیان میں کہا گیا کہ 29 جون کو سہ پہر 3 بجے تا 5 بجے شام اور پھر 8 بجے شب سے لے کر 10 بجے رات تک لوڈ شیڈنگ کی گئی۔
آج سے روزانہ کی بنیاد پر لوڈ مینجمنٹ کے نام پر آئیسکو نے بحریہ ٹاؤن میں لوڈ شیڈنگ شروع کردی ہے جس کا دورانیہ صبح 10 بجے سے دوپہر تک، پھر 3 بجے سے 5 بجے اور پھر 8 بجے شب سے 10 بجے رات تک ہوگا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل راولپنڈی اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام نے شدید احتجاج کیا جبکہ تربیلا ڈیم میں مٹی آجانے سے بجلی کی پیداوار بھی بند ہوگئی۔
رواں ماہ 10 جون کے روز ملک بھر میں گرمی کی شدت کا عذاب سہنے والے شہری لوڈ شیڈنگ کی مصیبت سے بھی نجات حاصل نہ کرسکے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ حیدر آباد میں 12 سے 14 گھنٹے طویل لوڈ شیڈنگ کی گئی۔
اسی طرح راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں 5 گھنٹے تک بجلی معطل رہی۔ جہلم میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام کو پریشانی کا سامنا رہا۔ اسلام آباد کے سیکٹر جی 6 میں بھی رات گئے بجلی بند کردی گئی۔ بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں طویل لوڈ شیڈنگ، عوام سراپا احتجاج
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








