کراچی میں ڈاکو راج، ماہ مقدس میں 11 واں شہری قتل

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو اردو پوائنٹ

کراچی کے علاقے گلشن معمار میں بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہری ڈاکووں کی زد میں آگئے اور گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

 پولیس کے مطابق امجد اور امان اللہ نامی شہری سائٹ سپر ہائی وے پر بینک سے رقم لیکر نکلے تھے، گلشن معمار اجمیر گارڈن کے قریب ملزمان نے انہیں لوٹنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے دونوں شہری شدید زخمی ہوگئے۔

نجی چینل جیو نیوز کے مطابق دونوں زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 40 سالہ امجد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

مقتول دو بچوں کا باپ اور سرجانی ٹاؤن میں رئیل اسٹیٹ کا کام کرتا تھا۔ عباسی اسپتال میں ایم ایل او کے نہ ہونے کی وجہ سے مقتول کے ورثا مشتعل بھی ہوئے۔ امجد پنجاب خانیوال کا رہنے والا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال لوٹی گئی رقم کا تخمینہ نہیں لگایا جا سکا۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق واقعے کی جگہ اور اطراف کی سی سی ٹی وی ویڈیو حاصل کر رہے ہیں اور جس بینک سے رقم نکلوائی گئی وہاں سےبھی تفصیلات لے رہے ہیں۔

کراچی میں ماہ رمضان میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی اور رواں سال 50  افراد ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مارے جاچکے ہیں۔

Related Posts