سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے 12 مقامات پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں کم از کم 58دہشت گرد ہلاک جبکہ پولیس اور سکیورٹی فورسز کے 10 جوان شہید ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے بلوچستان کے 12 مقامات پر بزدلانہ حملے کیے جنہیں فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تمام حملے ناکام بنا دئیے۔کارروائیوں میں کچھ دیر قبل تک فتنہ الہندوستان کے 37دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن کی تعداد بعد ازاں بڑھ کر 58 ہوگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور پولیس کے 10 جوان دہشت گردوں کا بے جگری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے اور فورسز مختلف مقامات پر فرار ہوجانے والے دہشت گردوں کا تعاقب کر رہی ہیں۔ کارروائیوں میں مزید دہشت گردوں کی ہلاکتوں اور نقصانات کی اطلاعات ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 48 گھنٹوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 41 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہادر سپوتوں نے مؤثر کارروائی کرکے 37 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ ناپاک عزائم خاک میں ملانے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
نعد ازاں یہ پیشرفت سامنے آئی کہ جہنم واصل؛ کیے گئے دہشت گردوں کی تعداد 37 سے بڑھ کر 58 ہوگئی۔سکیورٹی فورسز کے مزید تعاقبی آپریشن اور فضائی نگرانی جاری ہے۔
مزدور خاندان کی شہادتیں
دہشت گردوں نے گوادر میں خضدار کے مزدور بلوچ خاندان کے 5افراد کو شہید کردیا جن میں ایک خاتون اور 3 بچے شامل ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کی فتنہ الہندوستان کی سپورٹ ان کے دہشت گردوں سے گٹھ جوڑ کو ظاہر کرتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








