جکارتہ: انڈونیشیا کے فٹبال اسٹیڈیم میں ہنگامہ آرائی کے دوران کم و بیش 129 افراد جاں بحق جبکہ 180 زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہنگامہ آرائی کا آغاز اس وقت ہوا جب میچ ہارنے والی ٹیم کے مداحوں نے مشتعل ہو کر اسٹیڈیم میں داخلے کا فیصلہ کیا۔ پولیس نے ہنگامہ آرائی کرنے والے شائقین پر آنسو گیس کا استعمال کیا۔ میدان میں داخل ہونے والے شائقین کے خلاف کارروائی کی گئی۔
آپ ہمیں ڈرا نہیں سکتے،امریکا کی روس کو وارننگ
انڈونیشیا کے صوبے مشرقی جاوا میں اریما ایف سی اور پرسیبایا سورابایا کی ٹیمز فٹبال میچ کھیل رہی تھیں جس کے دوران اریما ایف سی کو شکست کھاتے دیکھ کر اس کے حامی میدان میں گھس گئے۔ بھگدڑ مچنے سے بے قابو ہجوم پر قابو پانے کیلئے پولیس کو آنسو گیس کے گولے داغنے پڑے۔
مشتعل شائقین نے پولیس پر حملہ کیا اور گاڑیوں کو نقصان بھی پہنچایا اور اسٹیڈیم سے نکلنے کی کوشش کرنے والا ہجوم ایک ہی گیٹ کی طرف بڑھ رہا تھا جس سے آکسیجن کی کمی پیدا ہوئی۔ سانس لینے میں مشکل کے باعث متعدد افراد بے ہوش ہو گئے۔
اسٹیڈیم میں ہنگامہ آرائی کے دوران جاں بحق افراد میں 2 پولیس افسران بھی شامل تھے۔ پولیس نے مؤقف اپنایا ہے کہ ہنگامہ آرائی کے دوران 34 افراد فٹبال اسٹیڈیم میں ہی جاں بحق ہوئے جبکہ باقی لوگ ہسپتال میں علاج کے دوران یا اس سے قبل دم توڑ گئے۔
واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جن میں متعدد جاں بحق افراد اسٹیڈیم کی زمین پر لیٹے نظر آتے ہیں۔ہفتے کی شب کو اپنے ایک بیان میں انڈونیشین فٹبال ایسوسی ایشن کا واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








