راولپنڈی میں ایک شخص نے نوکری سے برطرف کیے جانے کا الزام اپنے ساتھی پر لگاتے ہوئے انتقامی کارروائی میں اس کے 14 سالہ بیٹے کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گوجر خان تھانے کی حدود میں واقع بابو گلاب کے علاقے میں پیش آیاجہاں فائرنگ کے نتیجے میں ایک کم سن لڑکا جان کی بازی ہار گیا۔
مقتول کے والد عدیل محمودنے بتایا کہ وہ 26 سال سے رائل گڈز ٹرمینل میں ملازمت کر رہے ہیں جبکہ مامون نامی شخص کو تین ماہ قبل وہاں نوکری ملی تھی تاہم مامون کے دیگر ملازمین سے جھگڑوں اور نامناسب رویے کی بنا پر ٹرمینل انتظامیہ نے ایک ہفتہ قبل اسے ملازمت سے فارغ کر دیا تھا۔
عدیل محمود کے مطابق 28 مارچ کو جب وہ ایک ہوٹل میں بیٹھے تھے تو مامون وہاں آیا اور انہیں دھمکی دی کہ “تمہاری وجہ سے مجھے نوکری سے نکالا گیا میں تمہیں اور تمہارے بچوں کو نہیں چھوڑوں گا۔”
گزشتہ رات جب عدیل محمود اپنے گھر میں موجود تھے تو کسی نے دروازہ کھٹکھٹایا۔ ان کا 14 سالہ بیٹادروازہ کھولنے گیا تو وہاں مامون پہلے سے موجود تھا اور اس سے الجھ رہا تھا۔ عدیل محمود نے جب معاملہ دیکھ کر بیٹے کو بچانے کی کوشش کی تو مامون نے اچانک پستول نکال کر فائرنگ شروع کر دی۔
گولی لگنے کے باعث بیٹا شدید زخمی ہو گیا اور ہسپتال لے جاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ دوسری جانب مامون موقع سے فرار ہو گیا اور جاتے ہوئے مزید سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ جلد ہی ملزم کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








