فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان (ساؤتھ) نے جنوری 2025 سے اب تک 141 دہشت گرد حملوں کو کامیابی سے ناکام بنایا ہے۔ یہ کارروائیاں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز (IBOs) کے ذریعے کی گئیں، جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا پتہ چلایا گیا اور انہیں مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔
انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان (ساؤتھ) میجر جنرل بلال سرفراز خان نے کہا ہے کہ جنوری 2025 سے اب تک ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے 141 دہشت گرد کارروائیوں کو بروقت ناکام بنایا جو ممکنہ طور پر بڑے سانحات کا سبب بن سکتی تھیں۔
ایک منعقدہ سیمینار سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایف سی سیکیورٹی کی فراہمی سے لے کر ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور فلاح و بہبود کے کاموں میں پیش پیش ہے۔
سیمینار میں ارکان بلوچستان اسمبلی، مقامی سیاست دانوں، سول انتظامیہ، سیکیورٹی اداروں کے نمائندگان، انجمن تاجران، وکلاء، ڈاکٹرز، دانشوروں، قبائلی عمائدین، پریس کلب کے ممبران سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان (ساؤتھ) نے کہا کہ ادارہ بیواؤں کے لیے گھروں کی تعمیر، اسکولوں، مدارس اور بنیادی صحت مراکز کی بحالی، فری میڈیکل کیمپس، سولر سسٹمز اور آر او پلانٹس کی فراہمی، کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد، عوامی مسائل کے حل کے لیے جرگوں اور کھلی کچہریوں کا انعقاد، ایف سی خدمت مرکز کے قیام، نیز نوجوانوں کی تعلیمی ترقی اور رہنمائی جیسے اقدامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








