میکسیکو کی ریاست یوکاٹن میں ایک ہولناک ٹریفک حادثے نے دل دہلا دینے والے مناظر چھوڑ دیئے جب ایک ٹریلر، کار اور ٹیکسی کے درمیان زوردار تصادم کے بعد گاڑیوں میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ افسوسناک واقعہ میریڈا اور کیمپ چے شہروں کو ملانے والی مرکزی شاہراہ پر پیش آیا جس میں 15 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ٹکرانے والی گاڑیاں شعلوں کی لپیٹ میں آگئیں اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ اتنی شدت اختیار کر گئی کہ بچاؤ کی کوئی کوشش کامیاب نہ ہو سکی۔ ہلاک ہونے والوں میں ممکنہ طور پر مزدور اور مسافر شامل ہیں تاہم حکام کی جانب سے ہلاک شدگان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
یوکاٹن کے گورنر نے حادثے پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
حکام نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ حادثے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس المناک واقعے کی اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








