حرم شریف میں ماہ رمضان کے دوران زائرین کو چھ زبانوں کے ماہرین پر مشتمل 15 رکنی ایک ٹیم فراہم کی گئی ہے جو زائرین کی ان کی زبانوں میں رہ نمائی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ ضیوف الرحمان کوفول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ دیگرسکیورٹی اداروں کے علاوہ پانچ سو اضافی سکیورٹی اہلکار خاص طورپر رمضان المبارک کے بابرکت ایام میں اللہ کے گھر کی زیارت کے لیے آنے والے مہمانوں کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔
یہ پانچ سو سکیورٹی اہلکار صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین کی سکیورٹی، سیفٹی، رسپانس اور خطرات سے نمٹنے کی ذمہ دار ایجنسی نے زائرین کی خدمت کے لیے تعینات کیے ہیں۔
سکیورٹی اہلکاروں پر مشتمل یہ عملہ مرکزی داخلی راستوں کو محفوظ رکھنے، ہجوم کو منظم رکھنے، مسجد حرام کے اندر حفاظتی ذرائع کی تیاری کو یقینی بنانے، صحن مطاف کی طرف جانے والے راستوں کو بحال رکھنے، عازمین کی آمد سے خدمت حاصل کرنے تک ان کا استقبال کرنے، مسجد حرام کے داخلی اور خارجی دروازوں کو فعال رکھنے اور دیگر ذمہ دار اداروں کے ساتھ رابطے کی ذمہ داری انجام دیتا ہے۔
سکیورٹی، سیفٹی، ایمرجنسی رسپانس اور رسکس ایجنسی کے انڈر سیکرٹری فائز بن عبدالرحمٰن الحارثی نے بتایا کہ ان کا ادارہ اہل اور تربیت یافتہ قومی کیڈرز کے ذریعے زائرین کوبہت سی خدمات فراہم کرتا ہے۔ سکیورٹی اور حفاظتی کارروائیوں کی پیشرفت، افراد کی حفاظت کے ساتھ تمام خطرات کا جلد پتہ لگا کر ان کا تدارک کرنے ان کی ایجنسی کی ذمہ داری ہے اور وہ یہ خدمت کما حقہ پوری کرتی ہے۔
یہ عملہ فائر فائٹنگ سسٹم کو موثر رکھنے، مسجد حرام میں آگ بجھانے والے آلات اور الارم کی متواتر دیکھ بھال، پیدل چلنے والوں کے راستوں کی حفاظت کے ساتھ ضیوف الرحمان کے مناسک اور عبادت کی ادائی میں رکاوٹ بننےوالی ہرچیز کو راستے سے ہٹانے کی خدمت انجام دیتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی عملے کے علاوہ چھ زبانیں بولنے والے 15 رضا کاروں کو بھی اللہ کے مہمانوں کی خدمت پر مامور کیا گیا ہے۔ یہ رضا کار چینی، سری لنکن، اردو، ہؤساوی، فارسی، ترکی اور انگریزی سمیت مختلف غیر ملکی زبانیں بولتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








