کراچی کے ضلع ملیر کے علاقے بن قاسم میں ایک تشویشناک واقعہ رونما ہوا جہاں 16 سالہ لڑکی جس کا نام میرا بتایا جا رہا ہے کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق چار مبینہ اغوا کاروں نے لڑکی کو اغوا کیا جبکہ اس دوران ایک مبینہ اغوا کار اہل علاقہ کے ہاتھ لگ گیا۔ اس واقعے کے بعد پولیس کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور لڑکی کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
لڑکی کے اہل خانہ نے بتایا کہ انہوں نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا ہے جو اس واقعے میں ملوث ہو سکتا ہے تاہم پولیس کا موقف ہے کہ گرفتار کیے گئے شخص کے بیان سے فی الحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا اور تفتیش جاری ہے۔
لڑکی کے والد عرفان پٹھان نے بتایا کہ وہ اپنی نانی کے گھر پر رہتی تھی۔ اب تک اس واقعے کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا لیکن پولیس مکمل چھان بین میں مصروف ہے۔
یہ واقعہ بن قاسم تھانے کے تحت فلک ناز کے قریب پیش آیا۔ علاقے کے رہائشیوں نے ایک مبینہ اغوا کار کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ متاثرہ خاندان نے پولیس اور متعلقہ اداروں سے فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








