سندھ کے ضلع سکھر میں ایک انتہائی افسوسناک واقعے میں ایک بے زبان اونٹنی پر بدترین ظلم کی خبر منظرِ عام پر آنے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سخت نوٹس لیا ہے۔ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سکھر کی تحصیل صالح پٹ میں ایک بااثر شخص نے مبینہ طور پر اونٹنی کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں جانور کی ٹانگ بری طرح زخمی ہو گئی۔ اونٹنی کے مالک کا دعویٰ ہے کہ بااثر وڈیرے نے اونٹنی کو ٹریکٹر سے باندھ کر گھسیٹا اور لاٹھیوں سے منہ پر وار کیے جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی سطح پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا، جس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ضلع سکھر کے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سید کمیل شاہ کو ہدایت دی کہ اونٹنی کا علاج کروایا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے پولیس نے مقدمے میں نامزد تین ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر دو کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ جانوروں کے ساتھ ایسا وحشیانہ سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ذمہ داران کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
اس کے ساتھ ہی سید کمیل شاہ نے متاثرہ جانور کے مالک سے رابطہ کیا اور ایک ویٹرنری ڈاکٹر کو فوری طور پر جائے وقوعہ روانہ کیا تاکہ اونٹنی کو طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ علاج مکمل ہونے کے بعد تفصیلی رپورٹ انہیں پیش کی جائے۔
واقعے کے بعد جانوروں کے تحفظ کے حوالے سے قانون پر عمل درآمد اور حکومتی اداروں کی فعالیت پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، خاص طور پر اس وقت جب مالک کا کہنا ہے کہ جانور کو لے کر اسپتال گئے تو ڈاکٹروں نے علاج سے انکار کر دیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








