پاکستان کے ہمسایہ ملک چین سے درآمد کی گئی 17 نئی بسیں کوئٹہ پہنچ گئی ہیں جو صوبائی دارالحکومت کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیشِ نظر سفری سہولیات میں خوشگوار اضافہ کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق خواتین کیلئے مختص گلابی بسوں کے علاوہ گرین بسز بھی کوئٹہ پہنچی ہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ بلوچستان کا کہنا ہے کہ نئی بسوں پر 81 کروڑ روپے کی لاگت آئی۔ مجموعی طور پر 17 میں سے 4بسیں گلابی ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق گلابی بسیں کوئٹہ شہر کے اندر خواتین کیلئے چلائی جائیں گی اور کوئٹہ کے مختلف روٹس پر سفر کریں گی۔ بلوچستان حکومت منصوبہ بندی کے تحت بسوں کے بیڑے میں اضافے کیلئے پر عزم ہے۔
کوئٹہ میں بڑی تعداد میں نئی اور جدید بسیں فعال ہیں جبکہ اس سے قبل کوئٹہ میں ابتدائی آپریشنل بیڑا 8بسز پر مشتمل تھا۔ نئی کھیپ آنے کے بعد بسوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ بسوں کو شہر کے اہم روٹس پر چلایا جائے گا۔
عام طور پر کوئٹہ میں یہ بسیں یونیورسٹی سے سریاب مل تک کے نمایاں روٹس کو کور کرتی ہیں اور مزید بسز کی شمولیت کے ساتھ مستقبل کے مراحل میں یہ سروس شہر کے مزید علاقوں بشمول کچلاک تک توسیع دینے کی بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








