برطانیہ کے علاقے لنکن شائر میں موجود دو گدھوں نے اپنی غیر معمولی خصوصیات کی بدولت گنیز ورلڈ ریکارڈز 2026 میں جگہ حاصل کر لی ہے۔
ریڈکلف ڈونکی سینکچری کے زیرِ کفالت یہ دونوں گدھے ڈیرک اور بامبو دنیا کے سب سے اونچے گدھے اور سب سے لمبے کانوں والے گدھے کے طور پر تسلیم کیے گئے ہیں۔
عام گدھوں سے تقریباً 20 سینٹی میٹر زیادہ بلند قد رکھنے والا ڈیرک 167 سینٹی میٹر (5 فٹ 5 انچ) اونچا ہے ،وہ امریکن میمتھ جیک اسٹاک نسل سے تعلق رکھتا ہے، جو اپنے بڑے جسامت والے گدھوں کے لیے مشہور ہے۔
ڈیرک نے اس ریکارڈ کے سابق حامل ٹیکساس کے گدھے کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
ڈیرک کے ساتھ ہی بامبو نامی ایک اور گدھا رہتا ہے، جس کا تعلق پویتو نسل سے ہے۔ بامبو کے کانوں کی لمبائی 35 سینٹی میٹر (1 فٹ 1 انچ) ہے، جو اب تک کسی بھی گدھے میں سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے نرم اور گھنے کان زائرین کی خاص توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں۔
ریڈکلف ڈونکی سینکچری کی بنیاد 1999 میں ٹریسی اور اسٹیو گارٹن نے رکھی تھی۔ یہ غیر منافع بخش ادارہ درجنوں بے سہارا جانوروں جیسے گدھوں، خچروں اور زیبرا نسل کے ملاپ سے پیدا ہونے والے جانوروں کی دیکھ بھال کرتا ہے۔
سینکچری کا سارا نظام عوامی چندوں اور گود لینے کے پروگرامز پر انحصار کرتا ہے، جن کے ذریعے خوراک، طبی سہولیات اور دیگر اخراجات پورے کیے جاتے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق، گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہونا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اعزاز مزید لوگوں کو سینکچری کے دورے کی ترغیب دے گا اور جانوروں کی فلاح و بہبود سے متعلق آگاہی میں اضافہ کرے گا۔
انتظامیہ نے کہاکہ ہمارے گدھوں کو گنیز بک میں دیکھنا ایک شاندار احساس ہے، اور ہم اپنے تمام مہربان حمایتیوں کے شکر گزار ہیں جو ان جانوروں کے لیے اپنا وقت اور محبت دیتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








