کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے 3 ماہ قبل شادی کرنے والے شہری سمیت 2 بھائی جاں بحق ہوگئے ہیں۔
شہرِ قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے بنارس فلائی اوور پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 1 بھائی دورانِ علاج جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا جو بعدا زاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگیا۔
گزشتہ شب فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق بڑے بھائی کی شادی 3 ماہ قبل ہوئی تھی۔ دونوں بھائیوں کے انتقال سے کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر 2 سالہ کمسن بچی سمیت قتل ہونے والے شہریوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔ حالیہ واقعے میں جاں بحق دونوں بھائی جوان العمر تھے۔
دونوں بھائیوں کی شناخت 28 سالہ عبدالمعیز اور 18سالہ عبدالحنان کے ناموں سے ہوئی جو کراچی کے علاقے منگھوپیر کے رہائشی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بھائی ٹیلر کی دکان پر ملازمت کرتے تھے۔ واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جاسکا۔
واقعے کی تفتیش جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے روکا اور موبائل فون چھین لیا، ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔ ممکن ہے کہ 1 ہی گولی دونوں بھائیوں کی وفات کا باعث بنی ہو۔ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








