سندھ کے شہر نواب شاہ میں ہائی وے پر شدید دھند کے باعث گاڑیوں کے خوفناک تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مہران ہائی وے پر دھند اور تیزرفتاری کے باعث پیش آنے والے حادثے میں جانی نقصان ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ مہران ہائی وے پر بوچھیری کے مقام پر اس وقت پیش آیا، جب دھند کے باعث 2 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
حادثے میں زخمی ہونے والے 3 افراد کی میتوں اور زخمی ہونے والے 2 بچوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جاں بحق افراد نواب شاہ کے نواحی علاقے سے تعلق رکھتے تھے۔
خیال رہے کہ سندھ کے ساتھ ساتھ پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھی دھند کا راج ہے۔ دھند کے باعث ملک کے متعدد شہروں میں موٹر ویز کو مختلف مقامات سے بند کردیا گیا ہے۔ کئی شہروں میں حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث گاڑی چلانا خطرناک ہوگیا۔
موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ حادثات کے خدشات کے باعث موٹر وے مختلف مقامات سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کی گئی ہے۔ موٹر وے ایم ون پشاور ٹول پلازہ سے برہان تک، ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے بالکسر، ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک بند کردی گئی ہے۔
اسی طرح موٹر وے ایم فور شیر شاہ سے پنڈی بھٹیاں اور ایم فائیو روہڑی سےشیر شاہ تک بند کردی گئی، ایم الیون پر بھی ٹریفک کی روانی معطل ہے۔ پولیس نے شہریوں سے بلاضرورت سفر نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








