گلگت بلتستان میں برف کا تودہ گرنے سے پاک فوج کے آفیسر اور سپاہی سمیت 3افراد شہید ہوگئے ہیں، یہ افسوسناک واقعہ برزل پاس پر برف ہٹانے کے دوران پیش آیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ 2 اور 3 جنوری کی درمیانی شب برزل پاس کھولنے کے لیے برف ہٹانے کی ایک کارروائی جاری تھی کہ اس دوران تودہ گرنے سے کیپٹن اصمد اور مشین آپریٹر سمیت 4 افراد پھنس گئے، جن کی بازیابی کیلئے ریسکیو آپریشن کیا گیا۔۔
شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان کے مطابق واقعے کے بعد ریسکیو آپریشن کے دوران چاروں افراد کو برف سے نکالا گیا لیکن کیپٹن اصمد، سپاہی رضوان اور مشین آپریٹر عیسیٰ سخت موسمی حالات کے باعث جام شہادت نوش کرگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے تینوں افراد نے انتہائی سخت موسمی حالات میں ایک مشکل آپریشن کی قیادت کرکے اپنی افواج کی نقل و حرکت کو ممکن بنانے اور قوم کیلئے اپنی جانوں کی قربانی پیش کی۔
شہید ہونے والے تینوں افراد کی قربانی اور فرض شناسی اس بات کی دلیل ہے کہ پاک فوج کے تمام اہلکار وطن کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں اور ملک کی خاطر جان دینے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک فوج کے جوانوں کی قربانیاں وطن کیلئے جان دینے کے ان کے عزم کو مزید جلا بخشتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








