وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 3 سالہ بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔ بچے کی شناخت ہوگئی، جس پر عوام سراپا احتجاج اور واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کے منتظر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت نعمان ولی کے نام سے ہوئی جبکہ یہ افسوسناک واقعہ اسلام آباد کے تھانہ سنبل کی حدود میں پیش آیا ہے۔
تھانہ سنبل پولیس نے تین سالہ نعمان ولی کی ہلاکت پر تفتیش کا آغاز کردیا۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد بچے کی لاش ورثا کے حوالے کی جائے گی۔ترجمان آئی سی ٹی کا کہنا ہے کہ بچہ قبضے کی جگہ پر بنائی گئی مہر آبادی میں حادثے کا شکار ہوا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مہر آبادی میں کھدائی کرکے سیوریج کیلئے جو گڑھا بنایا گیا تھا، وہاں 3 سالہ بچہ گر کر جاں بحق ہوا جبکہ پلاٹ میں کھدائی کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل نے 13 دسمبر کو اسلام آباد میں گٹرز کے ڈھکن غائب ہونے کی نشاندہی کی گئی لیکن اس پر بروقت ایکشن نہ ہونے کے باعث 3 سالہ نعمان ولی جان کی بازی ہار گیا، جس پر علاقے کی فضا سوگوار ہوگئی۔
یاد رہے کہ اس سے 3 سال قبل بھی وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر آئی ٹین فور میں باپ اور بیٹا گٹر میں گرنے سے جاں بحق ہوئے تھے، جہاں 15 سالہ عبدالرحمان کو بچانے کے لیے والد ارشد گٹر میں اترا تو بیٹے کے ساتھ ساتھ باپ بھی جان کی بازی ہار گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








