کراچی: بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانے پر 4افراد گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

پولیو ویکسینیشن
(فوٹو: فائل)

کراچی میں بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانے پر 4افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری گلشن اقبال میں پولیو کے قطرے نہ پلانے پر عمل میں لائی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے مبینہ ٹاؤن تھانے میں 4 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، 3 بھائیوں سمیت گرفتار 4 ملزمان نے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار پر جھگڑا کیا، اس دوران پولیس کانسٹیبل کی یونیفارم بھی پھٹ گئی۔ مقدمے میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کرلی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ متعدد علاقوں میں آج بھی پولیو ویکسینیشن کو شک کی نظر سے دیکھا جاتا ہے جن میں ویکسین کے متعلق غلط فہمیاں، مذہبی و سماجی مسائل کی بنیاد پر ویکسین پلانے سے انکار سمیت دیگر وجوہات شامل ہیں۔ ویکسین سے نقصان کے خدشات اکثر غلط معلومات اور سازشی نظریات کے باعث ہوسکتے ہیں۔

بعض علاقوں میں عسکریت پسند گروہ ویکسینیشن کی کاوشوں کے خلاف ہیں جو عوام کیلئے مسائل پیدا کرتے ہیں۔ پولیو ویکسین نہ لگوانے کے نتائج کے طور پر بچے پولیو جیسے موذی مرض کا شکار ہونے کے خطرات سے دوچار ہوسکتے ہیں۔ والدین ویکسینیشن کا انتخاب کرکے اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچا سکتے ہیں۔

ضروری ہے کہ ہر بچے کو 5سال کی عمر تک پولیو کے قطرے ضرور پلوائے جائیں تاکہ بچوں کو معذور کردینے والی موذی بیماری پولیو سے بچایا جاسکے۔ بہت سے افراد ویکسینیشن کی اہمیت کو نہیں سمجھتے، اس لیے ایسے لوگ ویکسینیشن سے انکار کرسکتے ہیں، تاہم ہمیں یہ یقین رکھنا ہوگا کہ بچوں کی  ویکسینیشن کے نتیجے میں ان کے آنے والے دن روشن اور تابناک ہوں گے۔

Related Posts