کراچی: ڈمپر نے ابراہیم حیدری سے کورنگی کراسنگ جانے والے راستے پر شہریوں کو کچل دیا۔ حادثے کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے ابراہیم حیدریاور کورنگی کراسنگ کے مابین پیش آیا، جہاں ڈمپر نے شہریوں کو کچل دیا، خوفناک حادثے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے جس پر مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگا دی۔
شہرِ قائد میں ڈمپر اور ٹرک سمیت ہیوی ٹریفک شہریوں کو آئے روز کچل دیتی ہے، متعدد واقعات میں درجنوں شہری جان کی بازی ہار گئے۔ ابراہیم حیدری اور کورنگی کراسنگ کے مابین شہریوں کو کچلنے کے بعد ڈمپر ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہوگیا ہے۔
قبل ازیں کراچی میں ٹریفک حادثے نے ایک اور زندگی چھین لی، نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک ہیوی گاڑیوں کی زد میں آکر 33 افراد موت کے منہ میں جاچکے۔ اس سے قبل کراچی کے علاقے گل بائی کے قریب واٹر ٹینکر کی زد میں آکر 40سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بس مسافروں کو اُتارنے کیلئے اچانک سڑک کے بیچوں بیچ روکی جاتی ہے جس کے باعث عقب میں آنے والا ایک موٹر سائیکل سوار پھسل کر نیچے گرتا ہے جبکہ ساتھ چلنے والا دوسرا موٹر سائیکل سوار اُسے بچاتے ہوئے برابر سے گزرنے والے واٹر ٹینکر کے نیچے آجاتا ہے۔حادثے کے بعد ٹینکر ڈرائیور اور بس ڈرائیور دونوں موقعے سے فرار ہوگئے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








