کراچی کے علاقے مائی کلاچی پھاٹک کے قریب مین ہول سے 2خواتین سمیت 4افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں، مرنے والوں میں مبینہ طور پر ایک بچہ اور 2 مرد بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب کراچی کے علاقے مائی کلاچی پھاٹک کے قریب ایک مین ہول سے 4افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا تھا کہ لاشوں میں 2 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں جبکہ لاشیں 10 سے 15روز پرانی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔ لاشیں کافی حد تک مسخ ہوچکی تھیں، ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے تاہم حتمی تصدیق پوسٹ مارٹم کے بعد ہوگی۔
بعد ازاں پولیس نے لاشوں کو قانونی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔ کیماڑی پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہے ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جارہی ہیں تاکہ واقعے کی درست وجوہات کا تعین ہوسکے۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم
آج سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق چاروں لاشوں کا ابتدائی پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں لاشوں پر تشدد کے واضح نشانات پائے گئے، اور مبینہ طور پر اپنا جرم چھپانے کیلئے خشک مین ہول میں لاشوں پر کمبل ڈال دیا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








