پی ٹی آئی کو ایک اور جھٹکا، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اسٹیبلشمنٹ کے سامنے ہتھیار ڈال دئیے

تازہ ترین

تازہ ترین

سہیل آفریدی
(فوٹو: آن لائن)

پشاور: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو ایک اور جھٹکا لگ گیا،  وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اسٹیبلشمنٹ کے سامنے ہتھیار ڈالتے ہوئے کہا کہ میں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ صوبائی معاملات پر بات چیت اور تعلقات کی بہتری کیلئے تیار ہوں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور میں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مجھے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے حوالے سے کچھ نہیں کہا، عمران خان نے بات چیت کا ٹاسک محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دے دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ صوبائی معاملات پر  بات چیت اور تعلقات بہتر کرنے کے لیے تیار  ہیں، حکومت، اسٹیبلشمنٹ اور  تمام اسٹیک ہولڈرز کو  عوامی مفادات کے مطابق پالیسی بنانا ہوگی۔ کسی تقریب یا میٹنگ کی صورت میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ضرور ملاقات کروں گا۔

وزیر اعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی ضروری ہے اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے مذاکرات کے حالات اور ماحول سازگار ہونا چاہئے۔ عمران خان کی بہنوں کا باہر نکلنا جائز ہے، وہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کوشش کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی جانے کا مقصد یہ ہے کہ عوام عمران خان کی رہائی کیلئے متحرک ہوں۔ لاہور کے دورے کے دوران غلط زبان کے استعمال کو عمل کا ردِ عمل قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ میں نے اس دورے کے دوران غلط زبان کے استعمال پر معذرت کر لی ہے۔

Related Posts