کراچی کے علاقے گھگر پھاٹک میں عام شہری سے ہزاروں روپے لوٹ کر فرار ہونے والے 4 ڈاکوؤں کو اسٹیل ٹاؤن پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن پولیس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی۔ پولیس نے شہری کو لوٹ کر فرار ہونے والے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جن کے قبضے سے مختلف قسم کا اسلحہ اور ایمونیشن برآمد ہوا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے شہری سے چھینا ہوا موبائل فون اور 20 ہزار روپے نقد رقم برآمد ہوئی۔ چاروں ڈاکو گھگر پھاٹک کے قریب شہری کو لوٹ کر فرار ہونے ہی والے تھے کہ پولیس نے انہیں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
متاثرہ شہری نے گرفتار کیے گئے ملزمان کی شناخت کی۔ اسٹیل ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نیشنل ہائی وے پر شہریوں سے لوٹ مار کی درجنوں وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ گرفتار ڈاکوؤں کا گروہ پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔
دورانِ تفتیش گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ گھروں میں بھی ڈکیتیاں کرتے رہے ہیں۔ ملزمان کا کریمنل ریکارڈ اکٹھا کیا جارہا ہے۔ متاثرہ شہری کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے نام ہاشم، اصغر، گلی اور قاسم ہیں جو عادی ملزمان ہیں۔ ملزمان سے برآمدہ اسلحے کو فارنزک کیلئے بھیجا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: قومی ایئر لائن کا فضائی میزبان کینیڈا میں ہوٹل سے پراسرار طور پر لاپتہ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








