کراچی : میمن گوٹھ پولیس نے نوعمر لڑکی سے اجتماعی زیادتی کرنے کے واقعے میں ملوث 4 دوستوں کو گرفتارکرکے تفتیش کیلئے عدالت سے ریمانڈ حاصل کر لیا ۔
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق میمن گوٹھ پولیس نے میمن گوٹھ میں اجتماعی زیادتی کے واقعے میں ملوث چار دوستوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزمان کی عمریں 14سے 15 سال کے درمیان ہیں۔
گرفتار ملزمان میں مزمل عمر 14 سالہ، عدیل عمر 14 سالہ، اریز عمر 14 سالہ اور سبحان عمر 15 سالہ ہیں،چاروں ملزمان زیادتی کے مقدمے میں نامزد ہیں، ملزمان نے 12 جنوری کو 13 سالہ لڑکی کو خالی گھر میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔گرفتار ملزمان واقعے کی ویڈیو بنا کر لڑکی کو بلیک میل کرتے رہے۔
ویڈیو وائرل ہونے پر متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں گذشتہ روز مقدمہ نمبر 133/2021 درج کرایا گیا تھا، مقدمہ میں لڑکی سے زناء، جان سے مارنے اور دہشت گردی کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہیں۔پولیس نے گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے مزید تفتیش کیلئے ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔