وفاق کے بعد سندھ حکومت کا بھی کراچی کیلئے 50 نئی بسیں فراہم کرنے کا فیصلہ

تازہ ترین

تازہ ترین

وفاق کے بعد سندھ حکومت کا بھی کراچی کیلئے 50 نئی بسیں فراہم کرنے کا فیصلہ
وفاق کے بعد سندھ حکومت کا بھی کراچی کیلئے 50 نئی بسیں فراہم کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت کی جانب سے گرین لائن بی آر ٹی میٹرو بس منصوبے کیلئے 40 بسوں کی آمد کے بعد سندھ حکومت نے بھی کراچی کیلئے 50 نئی بسیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے فنڈز صوبائی حکومت فراہم کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیرِ پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اعلان کیا کہ سندھ حکومت کراچی کیلئے 50 بسیں لانے کا فیصلہ کرچکی ہے۔

اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیرِ ٹرانسپورٹ اور وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کراچی کیلئے نئی بسیں متعارف کرانے کا دعویٰ تو کردیا لیکن وعدے پر عمل نہیں کیا۔ سندھ کے عوام کو بتایا جائے کہ اورنج لائن میٹرو بس منصوبے کا افتتاح کب ہوگا؟

قائدِ حزبِ اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وفاق نے 40 بسیں لا کر کراچی کے عوام سے کیا گیا وعدہ وفا کردیا۔ آئندہ چند روز میں مزید 40 بسیں کراچی پہنچ جائیں گی۔ وزیرِ پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ ہم بھی 50 بسیں لا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ سندھ حکومت اورنج لائ بی آر ٹی منصوبے کے تحت کراچی کو 50 بسیں مہیا کرے گی۔ واضح رہے کہ چین سے گرین لائن بسوں کی پہلی کھیپ لے کر ایک کارگو جہاز اتوار کے روز کراچی پورٹ پر پہنچا۔

خیال رہے کہ اِس سے قبل اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے 13 سال میں کراچی شہر کو ایک بس نہیں دی، گرین لائن بسیں اکتوبر میں کراچی کی سڑکوں پر نظر آئیں گی۔

گزشتہ ماہ اگست کے دوران اپنے ویڈیو بیان میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کراچی کے تین بڑے نالوں پر وفاق کا اس پیکیج کے تحت کام مکمل ہوچکا ہے، گٹر، کچرے، صفائی کا کام بھی شہری حکومت سے لیکر وزیراعلی کے حوالے کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: گرین لائن بسیں اکتوبر میں سڑکوں پر نظر آئیں گی،حلیم عادل شیخ

Related Posts