لاہور: میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ (MARSEW) کے پانچویں ایڈیشن کا آج پاکستان نیوی وارکالج لاہور میں آغاز ہو گیا۔ کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج رئیرایڈمرل جاوید اقبال نے ورکشاپ کا افتتاح کیا۔
قومی سطح کی ورکشاپ MARSEW-5پاکستان نیوی کے زیرِ اہتمام ”محفوظ سمندر خوشحال پاکستان“ کے عنوان کے تحت منعقد کی جارہی ہے۔
ورکشاپ کا مقصد میری ٹائم سیکیورٹی اور بلیو اکانومی کے حوالے سے آگہی کا فروغ اور پاکستان کے میری ٹائم وسائل کوبروئے کار لانے کے لئے لائحہ عمل مرتب کرنے میں معاونت ہے۔
اس ورکشاپ کے ذریعے سینیٹرز، پارلیمنٹیرینز، پالیسی سازوں بیوروکریٹس، ماہرینِ تعلیم، کاروباری اور میڈیا سے وابستہ شخصیات کو ایک ایساپلیٹ فارم میسر آتا ہے جس کی مدد سے میری ٹائم سیکیورٹی اور بلیو اکانومی کے لئے متنوع افراد کی رائے سے ایک جامع پالیسی مرتب کرنے کے لئے سفارشات پیش کی جاسکیں۔
پانچویں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ (MARSEW-5)7-15دسمبر تک منعقد کی جائے جس میں آن کیمپس سرگرمیوں کے علاوہ کراچی، کوسٹل اور کریکس کے علاقوں میں پاک بحریہ کی تنصیبات اور نیول ہیڈکوارٹرز کے دورے شامل ہیں۔
اپنے خطبہِ استقبالیہ کے دوران کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج نے ورکشاپ کے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ورکشاپ کی سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا۔ رئیرایڈمرل جاوید اقبال نے پالیسی سازی کے ضمن میں پاکستان کے میری ٹائم وسائل پر بھی روشنی ڈالی۔
مزید پڑھیں:ایوانِ صدر،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کو اعزازات دینے کی تقریب
میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ 2017سے پاکستان نیوی وار کالج میں منعقد کی جارہی ہے یہ ورکشاپ میری ٹائم سیکٹر اور بلیو اکانومی کے لئے ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرنے میں معاون اور نہایت اہمیت کی حامل ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








