ریاستہائے متحدہ امریکا میں ایک ہی فائر اسٹیشن میں صرف 4 ماہ کے عرصے میں 7 ملازمین باپ بن گئے، ملازمین کے ہاں یکے بعد دیگرے 7 بچوں کی پیدائش ہوئی۔
امریکی ریاست الباما میں فائر فائٹنگ کے شعبے سے وابستہ افراد کی خوشی کی انتہا نہ رہی جب انہیں قدرت نے اولاد کی نعمت سے نوازا۔باپ بننے والے فائر فائٹرز میں سے زیادہ تر پہلی بار اولاد کی نعمت سے سرفراز ہوئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فائر فائٹرز نے کہا کہ لوگ ہم سے والد بننے کی خوشی کے بارے میں دریافت کرتے ہیں جبکہ کچھ لوگ مذاق بھی بناتے ہیں۔
امریکی فائر فائٹرز نے کہا کہ نئے بچوں کی پیدائش ہماری زندگی میں خوشی لے کر آئی ہے۔ بچوں کے ساتھ رہنے کی خواہش ضرور ہے مگر کام پر توجہ دینا بھی لازمی ہے۔
فائر فائٹرز کے مطابق روز مرہ پیشہ ورانہ مصروفیات وقت چاہتی ہیں جبکہ باپ بننے کی ذمہ داری اس سے الگ ہے۔ پھر بھی امید ہے کہ ملازمت کو اچھے طریقے سے نبھا پائیں گے۔
بچوں کی پیدائش کی خوشی میں امریکی محکمۂ فائر بریگیڈ نے باپ بننے والوں کو بچوں سمیت دعوت پر بلایا۔ تقریب کے گروپ فوٹو میں دیکھنے سے محسوس ہوتا ہے کہ سب کے ہاں ایک ہی روز بچے کی پیدائش ہوئی، جبکہ یہ تاثر غلط ہے۔
گروپ فوٹو دیکھنے والوں نے بچوں کے والدین سے مختلف سوالات کیے جن کا تعلق فوٹو دیکھنے سے قائم ہونے والے تاثر سے تھا۔ فائر فائٹرز نے بچوں کی پیدائش کے متعلق ابہام اپنے جوابات سے دور کیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








