کراچی میں پانی کا بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث شہر کو پانی فراہم کرنے والی 72 انچ قطر کی مرکزی لائن نمبر 5 تین مختلف مقامات سے متاثر ہوگئی، جس کے بعد متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق 20 اور 21 مئی کی درمیانی شب دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر اچانک بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا، جس کے نتیجے میں دو اہم پمپس بند ہوگئے۔ پمپس بند ہونے سے پانی کے بریک پریشر نے 72 انچ قطر کی لائن نمبر 5 کو تین مختلف مقامات پر نقصان پہنچایا۔
واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ متاثرہ لائن سے کراچی کو پانی کی سپلائی فوری طور پر معطل کردی گئی ہے، جبکہ شہر کو یومیہ 48 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوسکتا ہے۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ لائن کی مرمت ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے اور تکنیکی ٹیمیں مسلسل کام میں مصروف ہیں تاکہ جلد از جلد پانی کی فراہمی بحال کی جا سکے۔ شہریوں کو پانی احتیاط سے استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








