رواں سال کے ابتدائی چار ماہ کے دوران بہتر مستقبل اور روزگار کی تلاش میں تقریباً ڈھائی لاکھ پاکستانیوں نے بیرون ملک کا رخ کیا ہے، جس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر سب سے بڑی منزلیں قرار پائی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب جانے والوں کی تعداد ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد رہی، جبکہ متحدہ عرب امارات (دبئی) جانے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ رپورٹ کے مطابق صرف چار ماہ میں 50 ہزار پاکستانی دبئی منتقل ہوئے، جبکہ گزشتہ سال مجموعی طور پر 52 ہزار 500 افراد گئے تھے۔
دستاویزات کے مطابق قطر کے لیے 25 ہزار 500، بحرین کے لیے 10 ہزار سے زائد پاکستانی روانہ ہوئے۔ اسی طرح ترکیہ، برطانیہ اور امریکا بھی پاکستانی افرادی قوت کی منزلیں رہیں۔
تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ بیرون ملک جانے والوں میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں، جن میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد مزدور، 45 ہزار سے زائد ڈرائیورز، 9 ہزار سے زائد کک، 1200 سے زائد الیکٹریشن، 800 سے زائد مکینک اور 550 کمپیوٹر ماہرین شامل ہیں۔
اس کے علاوہ 1078 ڈاکٹرز، 2000 انجینئرز، 419 نرسز اور 1600 سے زائد اکاؤنٹنٹس بھی روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک منتقل ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق کچھ پاکستانی چین، یونان، عراق اور جاپان بھی گئے، جبکہ گرین لینڈ، تنزانیہ، ترکمانستان اور مغربی افریقہ کے لیے کوئی روانگی رپورٹ نہیں ہوئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








