کراچی والے خود جب اپنے شہر کی برائی کرکے خوش ہوتے ہیں تو بہت دکھ ہوتا ہے، مراد علی شاہ

تازہ ترین

تازہ ترین

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، فائل فوٹو

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کے رہائشی خود جب شہر کی برائی کر کے خوش ہوتے ہیں تو دلی افسوس ہوتا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی پاکستان کا پہلا دارالحکومت ہونے سے لے کر آج تک ایک عظیم میگا سٹی ہے، یہ ہمیشہ تاریخ، ثقافت اور تجارت کا چوراہا رہا ہے، مہاجرین، تاجروں، مزدوروں، شاعروں، ادیبوں اور عام شہریوں نے مل کر جدید کراچی بنایا، سندھ تہذیب، رواداری اور صوفی روایات کی سرزمین ہے، شاہ عبداللطیف بھٹائی، سچل سرمست اور لعل شہباز قلندر ہمیں باہمی بقا کا درس دیتے ہیں، سندھ کے صوفیائے کرام ہمیں انسانیت اور محبت کی اقدار سکھاتے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ بدقسمتی سے سندھ کی ثقافت اور تاریخ سے ناواقف لوگوں نے اس شہر کے ساتھ کھیلا، امید ہے کہ مستقبل میں کراچی کی تاریخ اور ثقافت سے کھیلنے والوں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

’دنیا بھر میں مسائل ہوتے ہیں لیکن کراچی کا برا چاہنے والوں سے مایوسی ہوتی ہے۔ کراچی کے رہائشی خود جب شہر کی برائی کر کے خوش ہوتے ہیں تو دلی افسوس ہوتا ہے۔ میرے آباؤ اجداد سعودی عرب سے ہجرت کر کے سندھ آئے تھے۔ میرے بزرگوں نے اس دھرتی کو اپنایا اور ہمیں اس دھرتی پر فخر ہے، سندھ کے اصل شہری وہ ہیں جو یہاں رہ رہے ہیں اور اس دھرتی کی طرف ہجرت کی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی صرف ایک شہر نہیں بلکہ تہذیبوں، ثقافتوں اور ہجرتوں کی زندہ داستان ہے، اس کی ہر گلی، عمارت اور برادری اپنی ایک منفرد تاریخ رکھتی ہے، کراچی، سندھ اور پاکستان کی تاریخ نئی نسلوں تک منتقل کی جائے گی، تاریخی ابواب کو محفوظ اور نوجوان نسل کیلیے قابلِ رسائی بنایا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میوزیم آف ہسٹری جدید ڈیجیٹل اور انٹرایکٹو طرز پر قائم کیا جائے گا، میوزیم میں ٹیکنالوجی، آرکائیوز اور اسٹوری ٹیلنگ کے ذریعے تاریخ پیش کی جائے گی، یہ منصوبہ نوجوانوں میں تاریخ، ثقافت اور ورثے سے آگاہی پیدا کرے گا، جو قومیں اپنی تاریخ محفوظ رکھتی ہیں وہ اپنا مستقبل مضبوط بناتی ہیں۔

’میوزیم صرف عمارتیں نہیں بلکہ تعلیم، شعور اور قومی شناخت کے مراکز ہوتے ہیں، محکمہ ثقافت، سیاحت و نوادرات، کے ایم سی اور سٹیزنز آرکائیو آف پاکستان کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں، کراچی میوزیم آف ہسٹری مستقبل میں ملک کا اہم ثقافتی اور علمی مرکز بنے گا، ہمیں اپنے تاریخی ورثے، ثقافت اور قومی شناخت کے تحفظ کیلیے مل کر کام کرنا ہوگا، کراچی میوزیم آف ہسٹری آنے والی نسلوں کیلیے شہر کی روح محفوظ کرے گا۔‘

Related Posts