کراچی: پاکستان کے محکمہ ریلوے کی جانب سے کراچی سے اندرون ملک کے لیے 8 ٹرینوں کی روانگی منسوخ کر دی ہے جبکہ کئی ٹرینوں کے اوقات کار میں تبدیلی کی گئی ہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق منسوخ ٹرینوں کے لیے بکنگ کرانے والے مسافروں کی دوسری ٹرینوں میں ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے جبکہ گزشتہ روز بھی 4 ٹرینیں معطل کی گئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کی لہر کی وجہ سے مسافروں کی کم تعداد ٹرینوں پر سفر کر رہی ہے جس کی وجہ سے ٹرینوں کی روانگی منسوخ کرکے ان کے مسافروں کو دوسری ٹرینوں پر بھجوایا جا رہا ہے۔
ریلوے حکام کی جانب سے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق جمعرات کی شام کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے والی 31 اپ اور 32 ڈان جناح ایکسپریس کو بیک وقت معطل کردیا گیا ہے اور اس کے مسافروں کو قراقرم ایکسپریس میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
15 اپ 16 ڈان کراچی ایکسپریس اور 33 اپ 34 ڈاؤن پاک بزنس ایکسپریس کو بھی بیک وقت معطل کردیا گیا ہے جبکہ کراچی اور اسلام آباد کے درمیان چلنے والی 5 اپ 6 ڈاؤن گرین لائن ایکسپریس کو بھی بیک وقت معطل کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ان ٹرینوں کی معطلی صرف جمعرات کے دن کے لیے ہے، ان 4 گاڑیوں میں کنفرم ٹکٹ رکھنے والوں کو دوسری ٹرینوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق جمعرات کو سر سید ایکسپریس رات 10 بجے کراچی کینٹ سے روانہ ہوئی اور براستہ فیصل آباد لاہور اسلام آباد جائے گی جس میں گرین لائن ایکسپریس کے مسافروں کو ایڈجسٹ کیا گیا ہے جبکہ قراقرم ایکسپریس شام 4 بجے کراچی سے روانہ ہوئی جس میں جناح ایکسپریس اور بزنس ایکسپریس کے مسافروں ایڈجسٹ کیاگیا۔