مکمل لاک ڈاؤن سے بچناہے توایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ کا عوام کو انتباہ

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی کورونا سے شدید متاثرہے، سخت اقدامات کرنے جارہے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ
کراچی کورونا سے شدید متاثرہے، سخت اقدامات کرنے جارہے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مکمل لاک ڈاؤن سے بچناہے توایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا،22سے 28 اپریل تک مثبت کیسز کا تناسب 10.75 فیصد رہا ہے، یہ صورتحال اچھی نہیں ہے، سخت اقدامات کرنے ہونگے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزرا سمیت وزیر صحت سندھ عذراپیچوہو، سعید غنی، ناصر شاہ و دیگر نے شرکت کی۔

ترجمان وزیر اعلی سندھ کے مطابق اجلاس میں کورونا وائرس کی تیسری لہر پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 7 فیصد کوویڈ تشخیص کا تناسب ہے۔وزیر صحت ڈاکٹر عذرہ پیچوہونے اجلاس کے شرکا کوبریفنگ کے دوران بتایا کہ 22اپریل سے28 اپریل کے دوران کراچی میں کورونا کا تناسب 10.75 فیصدرہا، حیدرآباد میں 20 فیصد، سکھر 9.48 فیصد اور دیگر اضلاع میں کورونا مثبت کیسز کا تناسب 2.79 فیصد ہے۔

کراچی کے ضلع شرقی میں پورے ہفتے اوسطاً 24 فیصد کیسز آئے ہیں، ضلع جنوبی میں 12 جب کہ وسطی اور کورنگی میں 5،5 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ میں 666 آئی سی یو وائی بیڈز وینٹی لیٹرز کے ساتھ ہیں جن میں 50 فیصد بستروں پر مریض موجود ہیں، سندھ میں 1872 بیڈز آکسیجن کے ساتھ موجود ہیں جن میں 343 بھرے ہوئے ہیں باقی 1529 خالی ہیں، صوبے میں آکسیجن کی بھی کوئی کمی نہیں۔

اجلاس کے دوران مراد علی شاہ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات سے متعلق کہاکہ آئی جی پولیس، ڈی جی رینجرز اور کمشنر کراچی مل کر کاروبار کی ٹائمنگ صبح 6 سے شام 6 بجے تک کو یقینی بنائیں، مکمل لاک ڈاؤن سے بچنا ہے تو ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا، کچھ نجی دفاتر ایس او پیز اور اسٹاف کم کرنے کے فیصلے پر عمل نہیں کر رہے۔

مزید پڑھیں:پاکستان میں کورونا کے 5 ہزار 480نئے کیسز رپورٹ، 151مزید شہری جاں بحق

وزیراعلی سندھ نے اجلاس کے دوران ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے نجی دفاتر کو سیل کیا جائے۔ انٹر سٹی بس ٹرانسپورٹ پر سختی سے عمل کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انٹر ڈسٹرکٹ بس ٹرانسپورٹ پر پابندی ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ دیگر صوبوں سے بھی پبلک ٹرانسپورٹ کا سندھ میں داخلہ منع ہے، اگر کسی صوبے سے کوئی مسافر گاڑی آبھی گئی تو واپس جانے نہ دیں۔

وزیراعلی سندھ نے صوبائی وزرا، ناصر شاہ، سعید غنی اور اویس شاہ پر کمیٹی قائم کرتے ہوئے ہدایت کی کہ گزشتہ ٹاسک فورس اجلاس کے تمام فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔وزیر اعلی سندھ کے ترجمان کے مطابق کمیٹی تاجروں اور ٹرانسپوٹرز کو اعتماد میں لے کر سخت اقدامات کرے گی۔

Related Posts