کراچی:سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی اور موجودہ چیئرمین یو بی جی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے سمندری امور طارق حلیم نے کہا ہے کہ فیڈریشن چیمبر آف کامرس کے انتخابات میں بی ایم پی کو صدر، سینئر نائب صدر اور 6 نائب صدر کی نشستیں جیتنے پر ہم مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ ایف پی سی سی آئی میں واپس آئے گا۔
طارق حلیم نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ 30 دسمبر 2021 کو اتنے مضبوط ٹرن آؤٹ اور گہری دلچسپی لینے پر ووٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہے اوریو بی جی کاروباری برادری کو ان کے مسائل کیلئے مسلسل آواز بلند اور کوششوں کا یقین دلاتا ہے۔
طارق حلیم نے کہا کہ میں بحیثیت چیئرمین یو بی جی سٹینڈنگ کمیٹی برائے سمندری امور،مواصلات اورگوادر کی ترقی کے لیے کسی بھی قسم کی پریشانی یا خدمات کے لیے ہمیشہ کی طرح 24 گھنٹے دستیاب رہوں گا اور بزنس کمیونٹی ہمیشہ کی طرح مجھے اپنے درمیان پائے گی ،ان مسائل پر بزنس کمیونٹی کو کسی بھی قسم کی مدد کے لیے بلا جھجھک مجھ سے ای میل، واٹس ایپ اور فون پر رابطہ کرسکے گی۔
انکا کہنا تھا کہ یہ دوسری جنگ عظیم کی تاریخ کا حصہ ہے کہ جنرل ڈگلس میک آرتھر نے مارچ 1942 میں فلپائن سے انخلاء کے وقت کہا تھا کہ ’’میں واپس آؤں گا‘‘۔ جب وہ 20 اکتوبر 1944 میں فلپائن واپس آئے تو انہوں نے ریڈیو پر اعلان کیا کہ ”فلپائن کے لوگ، میں واپس آگیا ہوں” اور میں بھی یو بی جی کی جانب سے بزنس کمیونٹی کو یقین دلاتا ہے کہ انشاء اللہ ”ہم بھی ایف پی سی سی آئی میں واپس آئیں گے۔