راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک ایران سرحد پر دہشتگردوں کو کسی صورت پنپنے نہیں دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایران کے وزیر داخلہ احمد وحیدی نے پہلے پاکستانی سرکاری دورے کے دوران سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے جنرل ہیڈ کوارٹرز(جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں جیو سٹریٹجک ماحول بالخصوص علاقائی سلامتی کی صورتحال،دفاع، سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاک ایران سرحدی سیکیورٹی میکنزم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سپہ سالار نے اس موقع پر کہا کہ پاک ایران سرحد امن اور دوستی کی سرحد ہے۔ دونوں برادر ہمسایوں کے درمیان تعاون میں اضافہ امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔ پاک ایران بارڈر پر شر پسند عناصر کو پنپنے نہیں دیں گے۔
ایرانی وزیر داخلہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ خطے کے امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔مستحکم افغانستان خطے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت اور علاقائی رابطے کے فروغ اور سکیورٹی معاملات کے حل کیلئے مشترکہ تعاون کی اہمیت پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کی سرحد امن و دوستی کی سرحد ہے،
وزیر اعظم ایرانی وزیر داخلہ سے ملاقات کے کہنا تھا کہ افغانستان میں انسانی بحران اور معاشی مسائل سے بچنے کیلئے عالمی برادری کی طرف سے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے ملاقات کے دوران سرحد کے دونوں جانب رہنے والے لوگوں کی معاشی ترقی کے لئے سرحدی منڈیوں کی جلد تکمیل اور انہیں فعال بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اس کے علاوہ وزیر اعظم نے خاص طور پر تجارت اور علاقائی رابطہ کے لئے قریبی دوطرفہ تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
مزید پڑھیں: صدر مملکت اور آرمی چیف کی ملاقات، قومی سلامتی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








