ملک میں پھر سے دو عیدیں، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے شمالی اضلاع میں نماز عید ادا کی گئی

تازہ ترین

تازہ ترین

ملک میں پھر سے دو عیدیں، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے شمالی اضلاع میں نماز عید ادا کی گئی
ملک میں پھر سے دو عیدیں، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے شمالی اضلاع میں نماز عید ادا کی گئی

پاکستان میں ایک سال کے وقفے کے بعد پھر سے دو عیدیں ،  خیبر پختونخواور بلوچستان کے شمالی اضلاع میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جزبے کے ساتھ منائی جارہی ہے، مساجد میں عید کی نماز ادا کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق عیدالفطر کی مناسبت سے خیبر پختونخوا کی مختلف مساجد اور عیدگاہوں میں عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی، اس موقع پر ملک کی سالمیت اور بقاء کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور خطبات میں مسجد نبوی ﷺ میں پیش آئے  واقعہ کی بھی شدید مذمت کی گئی۔

عیدالفطر کا مرکزی اجتماع پشاور میں چارسدہ روڈ پرواقع مرکزی عید گاہ میں ہوا جبکہ وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان اور صوبائی کابینہ کے اراکین نے گورنر ہاؤس میں نماز عید ادا کی۔

دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے تمام علاقوں میں بھی عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی جبکہ بنوں، نوشہرہ، صوابی، ٹانک اور مردان سمیت صوبے کے تمام شہروں میں عید منائی جا رہی ہے تاہم ہزارہ ڈویژن میں عید الفطر کل بروز منگل منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

مزید برآں ملک میں بوہری برادری بھی آج عیدالفطر منا رہی ہے، کراچی کے علاقے صدر میں بوہری جماعت خانے میں نماز عید ادا کی گئی، جس کے بعد بوہری برادری نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھیں: عید الفطر کے موقع پر ملک میں ایک مرتبہ پھر چاند کو لے کر اختلافات سامنے آگئے

گزشتہ روز بلوچستان کے شمالی اضلاع میں مقامی رویت ہلال کمیٹیوں نے عیدالفطر منانے کا اعلان کیا تھا یہی وجہ ہے کہ بلوچستان کے شمالی اضلاع جیسے  چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ میں آج عید الفطر منائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ ژوب، موسیٰ خیل، دکی، کوہلو، بارکھان میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔

دوسری جانب گزشتہ روز مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے باہمی مشاورت کے بعد یہ اعلان کیا  تھاکہ پاکستان بھر سے چاند کی کوئی شرعی شہادت موصول نہیں ہوئی لہٰذا عیدالفطر منگل 3 مئی کو ہوگی۔

Related Posts