پاکستان میں ایک سال کے وقفے کے بعد پھر سے دو عیدیں ، خیبر پختونخواور بلوچستان کے شمالی اضلاع میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جزبے کے ساتھ منائی جارہی ہے، مساجد میں عید کی نماز ادا کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق عیدالفطر کی مناسبت سے خیبر پختونخوا کی مختلف مساجد اور عیدگاہوں میں عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی، اس موقع پر ملک کی سالمیت اور بقاء کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور خطبات میں مسجد نبوی ﷺ میں پیش آئے واقعہ کی بھی شدید مذمت کی گئی۔
عیدالفطر کا مرکزی اجتماع پشاور میں چارسدہ روڈ پرواقع مرکزی عید گاہ میں ہوا جبکہ وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان اور صوبائی کابینہ کے اراکین نے گورنر ہاؤس میں نماز عید ادا کی۔
دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے تمام علاقوں میں بھی عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی جبکہ بنوں، نوشہرہ، صوابی، ٹانک اور مردان سمیت صوبے کے تمام شہروں میں عید منائی جا رہی ہے تاہم ہزارہ ڈویژن میں عید الفطر کل بروز منگل منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
مزید برآں ملک میں بوہری برادری بھی آج عیدالفطر منا رہی ہے، کراچی کے علاقے صدر میں بوہری جماعت خانے میں نماز عید ادا کی گئی، جس کے بعد بوہری برادری نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
یہ بھی پڑھیں: عید الفطر کے موقع پر ملک میں ایک مرتبہ پھر چاند کو لے کر اختلافات سامنے آگئے
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








