سیلاب سے متاثرہ افغانستان کو امدادی سامان بھجوارہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

تازہ ترین

تازہ ترین

سیلاب سے متاثرہ افغانستان کو امدادی سامان بھجوارہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
(فوٹو: آن لائن)

وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے افغانستان میں سیلاب کے باعث جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں امدادی سامان بھجوارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں افغان عبوری حکومت اور عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ عالمی برادری افغانستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے ہنگامی امداد کے لیے آگے آئے۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی افغان ہیومینٹیرین ٹرسٹ کے فورم سے متاثرہ افغان عوام کی مدد کی کوششوں کو تیز کرے، سیلاب کے نتیجے میں افغانستان میں پہلے سے جاری انسانی بحران میں مزید شدت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ بر وقت اقدامات نہ ہوئے تو جانی نقصانات بڑھنے کا خطرہ ہے، فوری ہنگامی اقدامات درکار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول کی قیمت میں جتنا ہو سکے گا سبسڈی دیں گے، مفتاح اسماعیل

بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے اپیل کی ہے کہ خوراک، طبی امداد، بے گھر افراد کو پناہ گاہوں کی فراہمی کے لیے عالمی برادری مدد کا پروگرام شروع کرے، ہم افغانستان کی مشکل کی اس گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ ہیں اور جتنا ہوسکا ہر ممکن امداد کریں گے۔

انہوں نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ افغانستان کے سیلاب سے متاثرہ عوام کو امداد کی فراہمی کا حکم دیا ہے، امداد بھجوا رہے ہیں۔

Related Posts