پہلا ون ڈے، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے ہرادیا

تازہ ترین

تازہ ترین

پہلا ون ڈے، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے ہرادیا
پہلا ون ڈے، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے ہرادیا

ملتان: ملتان میں کھیلے جانے والے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے 306 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر چار گیندیں قبل پورا کرلیا، بابر اعظم 103 اور امام الحق 65 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 26 رنز پر گری، جب فخر زمان 11 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ امام الحق نے ٹیم کے مجموعی اسکور میں 65 رنز کا اضافہ کیا اور 129 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور جوزف کی گیند پر میئر کو کیچ دے بیٹھے جبکہ بلے باز محمد رضوان ٹیم کے مجموعے میں 59 رنز کا اضافہ کرسکے اور آؤٹ ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: پہلا ون ڈے، ویسٹ انڈیز کا پاکستان کو جیت کیلئے306رنز کا ہدف

خیال رہے کہ کل کھیلے جانے والے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شاداب خان کا بلا نہیں چل سکا اور وہ محض 6 رنز پر جوزف کا شکار بنے، 256 رنز پر 4 وکٹیں کھونے کے بعد خوشدل شاہ بیٹنگ کیلئے آئے اور انہوں نے 23 گیندوں پر 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور قومی ٹیم کو فتح دلادی۔ خوشدل شاہ نے 41 رنز جب کہ محمد نواز 8 بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

واضح رہے کہ حریف ٹیم ویسٹ انڈیز نے 8 وکٹوں کے نقصان پر قومی ٹیم کو جیت کیلئے 306 رنز کا ہدف دیا تھا، جس میں ویسٹ انڈین اوپنر شائے ہوپ کے 127 رنز بھی شامل ہیں۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4، شاہین آفریدی نے 2 جبکہ محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 10 اور تیسرا 12 جون کو کھیلا جائے گا۔

Related Posts