اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج ہوگا جس کے دوران آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ پیش کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت آج ہونے والے قومی اجلاس میں بجٹ پر گرما گرم بحث متوقع ہے۔ وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل بجٹ پیش کریں گے۔
بجٹ سے قبل اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان
شہباز شریف کے وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد سے اتحادی حکومت کا یہ پہلا بجٹ ہوگا۔ وزیر اعظم شہباز شریف سمیت دیگر وفاقی وزراء بھی اجلاس میں شرکت یقینی بنائیں گے۔
تجاویز کے مطابق بجٹ کا حجم 9500 ارب ہوگا۔ اندرونی قرض اور قرض پر سود کی ادائیگی کیلئے 21 ارب ڈالر، بیرونی قرض ادائیگی کیلئے 3500 ارب جبکہ سبسڈی کیلئے 650 ارب رکھے جائیں گے۔
ترقیاتی بجٹ کا حجم 800 ارب رکھنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ صوبوں کا ترقیاتی بجٹ 1384 ارب ہوگا جس میں سے پنجاب 585، سندھ 355 ارب ٓ38 کروڑ جبکہ خیبر پختونخوا 299ارب 96کروڑ حاصل کرے گا۔
بلوچستان کے ترقیاتی بجٹ کا حجم 143ارب 53کروڑ رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔ قومی ترقیاتی بجٹ 2 ہزار 184ارب ہوگا۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے 96ارب 48کروڑ رکھے گئے ہیں۔
حکومت فاٹا سمیت ضم علاقوں کیلئے 50 ارب رکٓھنے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔ مختلف وزارتوں کے تحت شعبہ جات کیلئے بھی بجٹ کی الگ الگ رقوم مختص کی گئی ہیں جن کا اعلان آج ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








