فرح گوگی کے وکیل اظہر صدیق نے کہا ہے کہ فرح خان نے الزامات لگانے پر عطاء اللہ تارڑ اور ملک احمد خان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ سول عدالت میں دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فرح خان کے وکیل اظہر صدیق نے بتایا کہ فرح خان کا الزامات لگانے پر عطا اللہ تارڑ اور ملک احمد خان کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عطاء اللہ تارڑ کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ سول عدالت میں دائر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس پلاٹ سے متعلق الزام لگایا جا رہا ہے اس کو قانونی تقاضے پورے کر کے لیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے فرح خان کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اظہر صدیق نے بتایا کہ جس کمپنی کا نام لیا جا رہا ہے وہ ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ ہے، اس کمپنی میں فرح خان اور فرح کی والدہ بشری خان شئیر ہولڈر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فوجداری کاروائی خلاف قانون ہے، مقدمہ درج کیا گیا ہے لیکن ایف آئی آر فراہم نہیں کی جارہی۔
انہوں نے کہا کہ 8 کروڑ 30 لاکھ کا پلاٹ ہے، تین ماہ بعد قسط 77 لاکھ 85 ہزار روپے ہے، اس میں سے صرف 1 قسط فروری میں 77 لاکھ 81 ہزار 150 روپے ادا ہوئی ہے، اس کے بعد حکم امتناع جاری ہوا تھا جس کے بعد قسطیں روک لی گئی تھیں۔
فرح خان کے وکیل اظہر صدیق کا کہنا تھا کہ ہتک عزت کا دعویٰ تیار کر لیا گیا ہے جسے لاہور کی سول کورٹ میں دائر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطااللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کو واپس لانے کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کیا جائے گا۔