لاہور: آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے پیر کے روز انکشاف کیا ہے کہ پنجاب میں 400 سے زائد ٹیکسٹائل ملیں گیس اور بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے بندش کا شکار ہیں، کیونکہ ان کے لیے برآمدی آرڈرز کو پورا کرنا مشکل ہو رہا ہے۔
اپٹما کے مطابق ”ہمارے لیے مہنگے ڈیزل پر ٹیکسٹائل ملز چلانا ممکن نہیں ہے، اور اگر بندش جاری رہی تو ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 1 بلین ڈالر کی کمی ہوگی۔“
صنعتوں کے لیے بجلی اور گیس کی بندش کے نتیجے میں پہلے ہی کئی ٹیکسٹائل ملیں بند ہو چکی ہیں، اور ہزاروں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
اپٹما کے سرپرست اعلیٰ گوہر اعجاز نے وزیراعظم سے گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لینے اور صنعتوں کو فوری طور پر سپلائی بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
اپٹما کے مطابق، وہ پہلے ہی گیس اور بجلی کی بندش کے بعد ٹیکسٹائل کی برآمدات میں کمی کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کو صنعت کی صورتحال سے آگاہ کر چکے ہیں۔
اس سے قبل ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ گیس سپلائی کی طویل معطلی کی وجہ سے ٹیکسٹائل انڈسٹری یکم سے 8 جولائی تک ٹھپ ہو جائے گی۔
مزید پڑھیں:نیپرا نے کراچی کے شہریوں پر ایک بار پھر بجلی گرادی، قیمت میں 9 روپے 66 پیسے اضافہ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








