لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابقعلامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیاروں سے مسلسل پرندے ٹکرانے کے واقعات کے معاملے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے فضائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے اہم قدم اُٹھایا ہے۔ سی اے اے نے کہا کہ لاہور ایئرپورٹ پر 11 جولائی سے2 ماہ کیلئے الصبح طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف پر پابندی عائد کردی ہے جس کا نوٹم بھی جاری کردیا گیا ہے۔
سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹم یعنی مراسلے میں ہدایت دی گئی ہے کہ ملکی و غیر ملکی ایئرلائن نوٹم پر سختی سے عملدرآمد کریں۔
سی اے اے ترجمان کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورت میں طیارے کو لینڈنگ کی اجازت ہوگی۔ ترجمان نے بتایا کہ مون سون کی وجہ سے پرندوں کی آمد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، فضائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے الصبح 5بجے سے صبح کے 8بجے تک کوئی بھی طیارہ ٹیک آف اور لینڈنگ نہیں کرسکے گا۔
سی اے اے نے عیدالاضحٰی پر فضائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے آگاہی مہم بھی شروع کر رکھی ہے۔ ترجمان کے مطابق ملکی و غیر ملکی تمام ایئرلائنز کو وقت کی پابندی پر عملدرآمد کیلئے باضابطہ طور پر نوٹم جاری کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ قومی ایئرلائن نے بھی لاہور کیلئے اپنے پروازوں کے شیڈول میں بھی تبدیلی کردی ہے۔