راولپنڈی:مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی عوام کے لئے ایک اور بری خبر سامنے آئی، راولپنڈی میں نان بائیوں نے روٹی کی قیمت میں دو سے 5 روپے تک کا از خود اضافہ کر دیا۔
ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ راولپنڈی میں سادہ روٹی کی قیمت 15 روپے، تل والے کلچے کی 25 اور روغنی نان کی 40 روپے کردی گئی ہے۔
شہریوں نے انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔اپنا آٹا لے جانے والوں سے بھی تندور والے ایک روٹی کی پکوائی کے 10 روپے بٹور رہے ہیں۔
شہریوں نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 20 کی روٹی تھی 25 کی ہو گئی جو ہمارا روز کا بجٹ ہے جس میں ہم لیتے ہیں اس پہ کافی فرق پڑ گیا۔انتظامیہ اس حوالے سے فوری نوٹس لے۔
صدر نان بائی ایسوسی ایشن راولپنڈی شفیق قریشی کے مطابق 2200 روپے فی بوری مہنگی ہو گئی ہے، ہم مہنگا آٹا خرید کر سستی روٹی نہیں بیچ سکتے۔ گیس کا بل آنے دیں کوئی تندور کھلا نہیں رہے گا۔