حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ رہیں گے یا نہیں؟ سپریم کورٹ میں سماعت آج ہوگی

تازہ ترین

تازہ ترین

لاہور: سپریم کورٹ پنجاب حکومت کے متعلق اہم مقدمے کی سماعت آج کرے گی جس میں حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ برقرار رکھنے یا نہ رکھنے کے متعلق فیصلہ متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ درست ہے یا غلط؟ سپریم کورٹ معاملے پر فیصلے کیلئے فریقین کا مؤقف آج سنے گی، پی ڈی ایم، پی ٹی آئی اور ن لیگی رہنماؤں نے سپریم کورٹ کا رخ کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں:

جامعہ کراچی میں پیر کو تمام پرچے ملتوی کردیئے گئے

سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی زیر قیادت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے سپریم کورٹ کے فل بینچ کی تشکیل کیلئے درخواست دائر کی جائے گی جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے درخواست بدنیتی پر مبنی قرار دے دی۔

مسلم لیگ (ن) کی زیر قیادت اتحادی حکومت کے رہنما بھی آج سپریم کورٹ پہنچیں گے۔ ریڈ زون میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی نے ق لیگی ووٹوں کو مسترد کردیا تھا۔

قبل ازیں قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے بھی ایسی ہی رولنگ دے کر سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد مسترد کردی تھی، تاہم سپریم کورٹ نے رولنگ غیر قانونی قرار دے دی تھی۔ 

 پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت ہر سیاسی جماعت کی نظریں سپریم کورٹ کے ممکنہ طور پر آج سامنے آنے والے فیصلے پر لگی ہوئی ہیں کہ اگر پی ٹی آئی کے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ غیر قانونی تھی تو پنجاب اسمبلی میں ایسی ہی رولنگ درست کیسے ہوسکتی ہے؟

Related Posts