پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو عدالت میں پیش کردیا گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو عدالت میں پیش کردیا گیا
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو عدالت میں پیش کردیا گیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر آج عدالت میں پیش کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کو آج بروز جمعہ 12 اگست کو اسلام آباد کی مجسٹریٹ عدالت میں پیش کیا گیا۔

مجسٹریٹ عدالت کے جج عمر شبیر نے کیس کی سماعت کی۔ شہباز گل کو تھانہ کوہسار کی پولیس نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے روبرو پیش کیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس اہلکاروں کو عدالت کے احاطے اور اطراف میں تعینات کیا گیا ہے۔ پولیس تاحال شہباز گل کا موبائل فون برآمد کرنے میں ناکام رہی ہے۔ امکان ہے کہ پولیس کی جانب سے آج شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

قبل ازیں پولیس کی جانب سے شہباز گل کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی، جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ کو منظور کیا تھا۔ شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں راہداری ریمانڈ پر جیل منتقل کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:

سوشل میڈیا پر وائرل تصویر شہبازگل کے ڈرائیور کی اہلیہ کی نہیں، پولیس کی وضاحت

عدالت میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے پولیس حکام نے مؤقف اپنایا تھا کہ ملزم شہباز گل سے اس کا موبائل فون برآمد کرنا ہے، ملزم جس پیپرسے دیکھ کر بول رہا تھا وہ پیپر بھی برآمد کرنا ہے۔ پولیس کا یہ بھی موقف تھا کہ پروگرام کس کے کہنے پر ہوا اس بارے میں بھی تفتیش کرنی ہے، جس پر شہباز گل کے وکیل نے کہا کہ میرے مؤکل نے پروگرام کسی کے کہنے پر نہیں کیا۔

عدالت نے دونوں جانب سے دلائل سننے کے بعد فیصلہ کچھ دیر کیلئے محفوظ کیا تھا۔ اور بعد ازاں 12 اگست بروز جمعہ عدالت میں دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ شہباز گل کے خلاف تھانہ کوہسار میں سٹی مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ چانڈیو کی مدعیت میں 9 اگست بروز منگل مقدمہ درج کیا گیا۔ جب کہ ان کی گرفتاری بھی اسی روز عمل میں آئی تھی۔

واضح رہے کہ شہباز گل کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت لایا گیا تھا، جب کہ انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے اہلکاروں نے انہیں گھیرے میں لیا ہوا تھا۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری عدالتی احاطے اور اطراف میں تعینات کی گئی، جس میں پولیس کمانڈوز بھی موجود رہے۔ عدالت پیشی کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کا کوئی رہنما اس موقع پر موجود نہیں تھے، نہ ہی کوئی کارکن موجود تھا۔

پی ٹی آئی رہنما کو کمرہ عدالت میں پہنچانے کے بعد عدالت کے دروازے بند کردیئے گئے تھے، جب کہ میڈیا نمائندوں کو بھی اندر آنے سے روک دیا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ جج کے حکم پر میڈیا نمائندگان کو روکا گیا ہے۔

شہباز گل کے خلاف سٹی مجسٹریٹ کی مدعیت میں درج بغاوت کے مقدمے کی تفصیل سامنے آگئی۔ تھانہ کوہسار میں اداروں کے خلاف مبینہ غداری سمیت سنگین نوعیت کے 10 مقدمات درج ہیں۔

ایف آئی آر میں درج ہے کہ شہباز گل نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایک ایجنڈے کی تکمیل کے لیے نجی ٹی وی چینل پر الفاظ کہے۔

Related Posts