سفاک بیوی نے شوہر کو قتل کرکے لاش جلادی

تازہ ترین

تازہ ترین

عراقی کردستان کے مرکزی شہر اِربیل میں ایک خاتون نے گھریلو اختلافات پر اپنے شوہر کو کلہاڑی کے وار کرنے کے بعد پیٹرول چھڑک کر جلا ڈالا۔

العربیہ نیٹ کے مطابق اربیل پولیس کے ترجمان ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایک شخص کی خود سوزی کے حوالے سے اطلاع ملی تھی، جس پر پولیس واقعے کے مقام پر پہنچی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس جب جائے وقوع پہنچی تو پتہ چلا کہ وزارت ثقافت کے ملازم احمد جواد کی لاش گھر کے واش روم سے جلی ہوئی حالت میں ملی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ یہ کیس خود سوزی کا نہیں بلکہ قتل کا ہے۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات کے 8 گھنٹے بعد معما حل کرکے احمد جواد کی 29 سالہ بیوی کو قتل کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمہ نے گرفتاری کے بعد اعتراف کیا کہ پہلے اپنے شوہر کے سر پر کلہاڑی سے وار کیا پھر اسے کھینچ کر باتھ روم لے گئی اور وہاں پیٹرول چھڑک کر آگ لگا کر گھر سے نکل گئی۔

خاتون نے بتایا کہ واردات کے چند گھنٹے بعد گھر واپس آکر شور مچایا کہ شوہر نے خودسوزی کرلی ہے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ آلۂ قتل برآمد کرلیا گیا اور خاتون کیخلاف قانونی کارروائی مکمل کی جارہی ہے۔

Related Posts