لاہور: پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے منگل کے روز دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف قتل کی سازش ان کی سرگرمیاں ختم کرنے کے لیے رچی گئی تھی کیونکہ حکومت کو معلوم تھا کہ وہ جیل جانے سے نہیں ڈرتے۔
چنیوٹ میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اگرچہ حکومت سابق وزیر اعظم کو قید کرنا چاہتی ہے لیکن عمران خان کے اس اعلان نے کہ وہ گرفتاری سے نہیں ڈرتے انہیں روکنے کے لیے دوسرے ذرائع استعمال کرنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی پڑھے لکھے لوگ ہیں اور کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ ”آپ ہمیں نامعلوم نمبروں سے آنے والی کالوں سے ڈرا نہیں سکتے۔”
انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کو ہر وسائل سے نوازا گیا ہے لیکن قوم اس سے استفادہ نہیں کر رہی۔ ملک چلانے کے لیے نااہل لوگوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ عوام نے عمران خان کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ ان سیاست دانوں کو این آر او نہ دیں۔
عمران خان جو اس وقت قاتلانہ حملے کے دوران لگنے والی گولیوں کے زخموں سے صحت یاب ہورہے ہیں جمعرات کی رات مظاہرین سے خطاب کریں گے۔
اسد عمر نے کہا کہ عمران خان جلد ہی پی ٹی آئی کے مارچ میں دوبارہ شامل ہوں گے اور یہ مارچ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک پاکستان ”حقیقی آزادی” حاصل نہیں کر لیتا۔
مزید پڑھیں:آئی ایم ایف نے حکومت کو پکڑ لیا، روس سے تیل منگوانے کیلئے حوصلہ چاہئے۔شیخ رشید
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے عوام اور ان کے مستقبل کے لیے سڑکوں پر نکلے ہیں۔ عمران خان اپنی زندگی گزار چکے ہیں لیکن پھر بھی وہ پاکستان کے نوجوانوں کے مستقبل کے لیے احتجاج کی قیادت کر رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








